<p>اننت ناگ (فیاض لولو) : حکمت نے آج سرینگر جموں نیشنل ہائی وے (این ایچ-44) کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا دیا ہے اور اب بھاری گاڑیوں (ایچ ایم ویز) کو بھی جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے سے اپنے اپنے مقامات یعنی جموں کی جانب روانہ ہونے کی اجازت دی گئی۔</p><p>وہیں حکام نے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے اور جام سے بچا جا سکے۔</p><p>ٹریفک حکام کے مطابق قاضی گنڈ ٹول پلازہ پر صبح ساڑھے گیارہ بجے سے سیب سے لدے ٹرکوں کو جموں کی سمت روانگی کی اجازت دی گئی۔ ایک ٹریفک اہلکار نے بتایا کہ تقریباً چھ ہزار سے زائد ہیوی موٹر گاڑیاں، جن میں اکثریت سیب سے لدے ٹرکوں کی تھی، تین ہفتوں سے وادی میں پھنسی ہوئی تھیں۔</p><p>ٹریفک پولیس کے ایس ایس پی رویندر پال سنگھ نے کہا کہ ٹرکوں کی روانگی شام تک جاری رہے گی اور ڈرائیوروں کو اپیل کی گئی کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں تاکہ مزید رکاوٹ نہ ہو۔</p>